شوبز

جویریہ اورسعود پرسنگین الزامات،ایک کروڑ روپے واجب الادا، سلمی ظفر‌

کراچی: جویریہ اورسعود پراداکارہ سلمیٰ ظفرکےسنگین الزامات،ایک کروڑ روپے بھی ان کے ذمہ واجب الادا ہیں۔

 

اطلاعات کے مطابق پاکستان ٹیلی ویژن کی سینیئر اداکارہ سلمیٰ ظفر نے پروڈکشن ہاؤس کے مالک اداکارہ جویریہ سعود اور ان کے شوہر سعود قاسمی پر معاوضہ ادا نہ کرنے سمیت سنگئن الزامات عائد کیے ہیں، سلمیٰ ظفر کے مطابق جویریہ اور سعود پر ان کے تقریبا ایک کروڑ روپے واجب الادا ہیں۔

سلمیٰ نے سوشل میڈیا پر 35منٹ سے زائد دورانیے کے لائیو سیشن میں کہا کہ میں نے جیوانٹرٹینمنٹ پرنشرہونے والے ڈرامے ’’یہ زندگی ہے‘‘ میں 6 سال تک کام کیا، جے جے ایس پروڈکشن کے تحت بننے والے ڈرامے ’’ یہ کیسی محبت ہے ‘‘ کی 500 اقساط میں کام کیا لیکن جویریہ اور سعود اپنے پروڈکشن ہاؤس میں کام کرنے والے فنکاروں اور عملے کو ادائیگی نہیں کرتے۔

جارحانہ لہجے میں بولنے والی سلمیٰ ظفر نے خاصے سنگین الزامات عائد کرتے ہوئے کہا کہ لوگ ڈر کی وجہ سے کچھ نہیں کہہ رہے لیکن میں کسی سے نہیں ڈرتی،’’ جویریہ کو بیٹیوں کی طرح سمجھتی تھی ، وہ عمرہ کی ادائیگی کرکے آئیں تومیں نے ان کی سوشل میڈیا پرشیئرکی جانے والی پوسٹ پرکمنٹ کرتے ہوئے رقم کا تقاضا کیا لیکن جویریہ نے مجھے بلاک کردیا۔

سلمیٰ ظفرنے یہ الزام بھی لگایا کہ جے جے ایس پروڈکشن ہاؤس کے تحت کام کرنے والوں کو کھانا تک نہیں دیا جاتا اور چائے بھی دن میں صرف ایک بار پلائی جاتی ہے،دوبارہ مانگو تو کہتے ہیں اپنی چینی ، پتی اور دودھ لے آئیں۔ 7 سے 8 ہزار کی معمولی اجرت پرکام کرنے والوں تک کو پیسے نہیں دیے جاتے۔

اداکارہ نے دعویٰ کیا کہ جویریہ اور سعود جانتے ہیں کہ میں جھوٹ نہیں بولتیں نہ اس وقت بول رہی ہوں لیکن میرے پاس اس بات کے شواہد موجود نہیں ہیں، لیکن میں اپنا حق لے کررہوں گی۔

جویریہ اور سعود پرکئی طرح کے الزامات عائد کرنے والی سلمیٰ ظفرنے مزید کہا کہ میں سب جانتی ہوں دونوں پہلے کہاں رہتے تھے اور اب کیسی زندگی گزار رہے ہیں اور کہاں رہتے ہیں۔ میرے پاس سب راز ہیں لیکن ابھی ان پرپردہ ڈال رہی ہوں۔

سعود پرخواتین کے ساتھ انتہائی نامناسب رویہ اختیار کرنے کے الزامات عائد کرنے والی اداکارہ نے یہ بھی کہا کہ خواتین کے پیسے مانگنے پر سعود فحش گالیاں تک دیتے تھے، سب جانتی ہوں وہ عورتوں کی کمائی پر چلنے والامرد ہے۔ اداکارہ نے یہ دعویٰ بھی کیا کہ وہ سعود کو تھپڑ بھی مار چکی ہیں، جو کہ ایک رشتے میں مارا تھا لیکن بہرحال سعود نے تھپڑ کھایا ہے۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ اس ساری صورتحال سے اداکارہ پروین اکبر اور اداکار شبیر جان بھی واقف ہیں پر کوئی بولے گا نہیں، لیکن میں کسی سے نہیں ڈرتی۔

طویل ویڈیو میں سلمیٰ ظفر نے یہ دعویٰ بھی کیا کہ ان کے پاس جویریہ اور سعود کے کئی راز ہیں جن پر اب بھی وہ پردہ ڈال رہی ہیں اور وہ ان رازوں کو ابھی سامنے نہیں لا رہیں۔

سلمیٰ ظفر نے ویڈیو میں سعود کو خبردار کیا کہ اگرچہ ان کے پاس ثبوت نہیں، تاہم وہ اپنا حق قانونی اور جسمانی طریقے سے لینا جانتی ہیں اور وہ ایمان کی طاقت کے ساتھ اپنا حق لے کر رہیں گی۔

انہوں نے سعود اور جویریہ کو پیغام دیا کہ غریب ملازمین اور اداکاروں کے پیسے کھانے پر انہیں بد دعائیں لگیں گی۔

سلمیٰ ظفر نے کہا میں جویریہ کو اپنی بیٹیوں کی طرح سمجھتی تھی اور میں نے اسے پیسوں کے لیے میسیج بھی کیا جس پر اس نے مجھے پیسے دینے کے بجائے بلاک کردیا۔

اداکارہ سلمیٰ ظفر کی جانب سے لگائے جانے والے الزامات پر فی الحال جویریہ اور سعود کا کوئی ردعمل سامنے نہیں آیا ہے

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button