پاکستان

وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کا یوم پاکستان پر پیغام

یوم پاکستان پر شہری گھروں میں رہیں۔ عثمان بزدار

 

آج پاکستان ہم سے سماجی فاصلے قائم رکھنے کا تقاضا کررہا ہے۔ بحیثیت قوم ہم نے پاکستان کے موجودہ چیلنج کو سمجھتے ہوئے ذمہ داری کا ثبوت دینا ہے۔  جس جذبے کیساتھ 23مارچ 1940ء کو قرارداد پاکستان منظورہوئی،اسی عزم کیساتھ پاکستانی قوم کوروناوائرس کوہرائے گی۔

کورونا وائرس سے بچاؤ کی جنگ ہم سب کی مشترکہ جنگ ہے۔

جس طرح برصغیر پاک و ہند کے مسلمانوں نے کامیاب جدوجہد کر کے الگ وطن حاصل کیا،اسی طرح یہ قوم ملکر موذی مرض کو شکست دے گی۔

یوم پاکستان پر ہاتھ ملانا ہے نہ گلے ملنا ہے کیونکہ ہمارے دل پہلے ہی ایک دوسرے سے ملے ہوئے ہیں۔ بحیثیت قوم ہم قائداعظمؒ اور ان کی زیر قیادت قرارداد پاکستان منظور کرنیوالے مسلم لیگ کے اکابرین کوشاندار الفاظ میں خراج عقیدت پیش کرتے ہیں۔ منٹو پارک کے تاریخی جلسے میں منظور کی جانے والی قرارداد پاکستان کے قیام کی بنیاد بنی۔ 23 مارچ 1940ء کا دن جذبوں کی تعمیراور خوابوں کی تعبیر کا دن تھا۔

حصول آزادی کا سفر کبھی آسان نہیں ہوتا،پاکستان کی منزل پانے کیلئے آگ اور خون کے دریاؤں سے گزرنا پڑا۔ قائداعظم محمد علی جناحؒ کی ولولہ انگیز قیادت میں بے شمار قربانیاں دے کر الگ وطن کی جدوجہد کامیاب ہوئی۔ برصغیر میں بسنے والی مختلف نسلیں، مختلف قبیلے اور مختلف فرقے ایک قوم بننے کا فیصلہ نہ کرتے‘ تو پاکستان کا معجزہ کبھی ظہور پذیر نہ ہوپاتا۔

وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں تحریک انصاف کی حکومت نئے پاکستان کی بنیاد رکھ چکی ہے۔

آج پاکستان سے غیر متزلزل محبت کرنے کے عہد کا دن ہے۔ علامہ اقبالؒ نے مسلمانان برصغیر پاک و ہند کی آزادی اور خودمختار ریاست کا خواب دیکھا۔

قائداعظمؒ کی بے مثال قیادت میں علیحدہ وطن کے حصول کا خواب شرمندہ تعبیر ہوا۔ تحریک آزادی کے مجاہدوں نے خون کے نذرانے دے کر علیحدہ وطن حاصل کیا۔ کورونا وائرس کے چیلنج سے نمٹنے کیلئے بھی اسی اتحادکی ضرورت ہے جس کا مظاہرہ 23 مارچ 1940 کو دیکھنے میں آیا۔

وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں پاکستان اس منزل کی جانب بڑھ رہا ہے جس کا خواب قائدؒ اور اقبالؒ نے دیکھا۔ 23 مارچ 1940 والے جذبے، عزم اور یکجیتی کو اپنا کر وطن عزیز کو آگے لے کر جا ئیں گے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button