پاکستانسیاسی

بھارت کو عارضی رکنیت ملنا اقوام متحدہ کے ماتھے پر سیاہ داغ ہے، شہباز شریف

شہباز شریف: بھارت کو سلامتی کونسل کی عارضی رکنیت ملنا اقوام متحدہ کے ماتھے پر سیاہ داغ ہے۔ پی ٹی آئی حکومت نے بھارت کی نامزدگی میں حمایت کرکے پاکستانی اور کشمیری عوام کے ارمانوں کا خون کیا۔

 

پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر میاں شہباز شریف نے بھارت کو اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کا غیر مستقل رکن منتخب کیے جانے کی شدید مذمت کی ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ بھارت کو سلامتی کونسل کی رکنیت ملنے سے مظلوم اور قانون پسند انسانوں کو اقوام متحدہ اور عالمی ضمیر کی جانب سے منفی پیغام ملا ہے۔

اپوزیشن لیڈر کا کہنا ہے کہ انسانی حقوق کی سنگین پامالیوں، اقوام متحدہ کے منشور اور عالمی قانون کی دھجیاں اڑانے والے بھارت کی یہ کامیابی افسوسناک ہے۔ درحقیقت تحریک انصاف کی حکومت نے بھارت کی نامزدگی میں حمایت کرکے پاکستانی اور کشمیری عوام کے ارمانوں کا خون کیا۔

میاں شہباز شریف کا کہنا تھا کہ بھارت کا سلامتی کونسل کا غیر مستقل رکن بننا مودی کے یاروں کی مہربانی ہے۔ بھارت کے مقابلے میں متبادل نامزدگی کی کوششیں نہ ہونا سفارتی محاذ پر ہتھیار ڈالنے کے مترادف ہے۔

انہوں نے کہا کہ پانچ اگست 2019ء کے مقبوضہ جموں وکشمیر میں بھارتی اقدامات کے بعد یہ عہدہ بھارت کو ملنا اقوام متحدہ کے ماتھے پر سیاہ داغ ہے۔

قائد حزب اختلاف کا کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان اور وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی جتنا زور ملک میں اپوزیشن کے خلاف تنقید پر لگاتے ہیں، اگر وہ مودی سرکار کے خلاف مظاہرہ کرتے تو بھارت کا راستہ روکا جا سکتا تھا۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button