کھیل

بابر اعظم مستقبل میں تینوں فارمیٹس کے کپتان ہونگے، پی سی بی چیف ایگزیکٹو

لاہور:  پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیف ایگزیکٹو وسیم خان نے بابر اعظم کو نوید سناتے ہوئے کہا ہے کہ وہ مستقبل میں تینوں فارمیٹس کی کپتانی کے فرائض سرانجام دیں گے۔

 

وسیم خان کا ایک بیان میں کہنا تھا کہ اپنے دیگر ہم عصر کھلاڑیوں سے عمر میں چھوٹا ہونے کے باوجود بابر اعظم نے ثابت کیا ہے کہ وہ کھیل کا دباؤ برداشت کرنے کی بھرپور صلاحیت رکھتے ہیں۔

خیال رہے کہ بابر اعظم اس وقت پاکستانی ون ڈے اور ٹی ٹونٹی ٹیم کے کپتان ہیں جبکہ اظہر علی ٹیسٹ ٹیم کو لیڈ کر رہے ہیں۔ پی سی بی چیف ایگزیکٹو وسیم خان نے نوجوان کھلاڑی بابر اعظم کا جنوبی افریقا کے سابق کپتان گریم سمتھ سے موازنہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ دونوں کھلاڑیوں نے اپنے کیرئیر کے آغاز میں ہی اپنی ٹیموں کے سربراہ کی حیثیت سے ذمہ داریاں نبھائی ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ اگر گریم سمتھ کو دیکھیں تو صرف 23 سال کی عمر میں ہی ان کے کاندھوں پر اپنی ٹیم کی قیادت کی بھاری ذمہ داری ڈال دی گئی تھی لیکن انہوں نے اسے بخوبی نبھایا۔ انہوں نے کہا کہ میرے خیال میں جب کسی کو کپتانی کی ذمہ داری سونپی جاتی ہے تو یہ چیز مدنظر رکھنی چاہیے کہ وہ انفرادی طور پر کیسا انسان ہے اور کیا اس میں پریشر کو برداشت کرنے کی صلاحیت موجود ہے؟

وسیم خان کا کہنا تھا کہ نوجوان کھلاڑی بابر اعظم نے ثابت کیا ہے کہ انھیں قومی ون ڈے اور ٹی ٹونٹی ٹیم کا کپتان بنانے کا فیصلہ درست تھا۔ اسی لیے یہ کہا جا سکتا ہے کہ وہ پاکستانی کرکٹ کی تینوں فارمیٹس کی قیادت سنبھالیں گے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button